حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی کے اندر سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا، باصلاحیت قیادت کو آگے لانا ہوگا۔بیرسٹر سیف Home / سیاست /

پی ٹی آئی کے اندر سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا، باصلاحیت قیادت کو آگے لانا ہوگا۔بیرسٹر سیف

- 14/11/2026
 پی ٹی آئی کے اندر سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا، باصلاحیت قیادت کو آگے لانا ہوگا۔بیرسٹر سیف

پشاور / اسلام آباد (حسبان میڈیا رپورٹ): سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ قیادت میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پارٹی کے اندر سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل "جیو نیوز" سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی کی موجودہ حکمت عملی، اندرونی گروپ بندی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقاتیں ایک خوش آئند اور نیک شگون پیش رفت ہیں اور امید ہے کہ ان رابطوں کے بعد اب پارٹی کے خلاف جاری سختیوں میں کمی آئے گی۔ تاہم، انہوں نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو سنجیدہ اور باصلاحیت رہنماؤں کو دوبارہ صفِ اول میں لانا ہوگا اور فیصلہ سازی کا تمام تر عمل اہل اور تجربہ کار قیادت کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ ان کے بقول اگر سنجیدہ قیادت سامنے آئے تو پارٹی کے اندرونی اختلافات اور گروپ بندی کا خاتمہ ممکن ہے، جس سے سیاسی انتشار کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

سابق مشیر اطلاعات نے موجودہ سیاسی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کو اس وقت دانشمندانہ فیصلوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو ذاتی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے اور جماعت کے اندر باہمی مشاورت اور اتفاق رائے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی مضبوطی کے لیے صفوں میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنا اور ایک سنجیدہ سیاسی حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے، جبکہ سیاسی معاملات کو محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔