حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی قیادت کے خلاف نیب تحقیقات میں تیزی آ گئی، متعدد افراد کو نوٹسز جاری۔ Home / پاکستان /

پی ٹی آئی قیادت کے خلاف نیب تحقیقات میں تیزی آ گئی، متعدد افراد کو نوٹسز جاری۔

- 14/11/2026
 پی ٹی آئی قیادت کے خلاف نیب تحقیقات میں تیزی آ گئی، متعدد افراد کو نوٹسز جاری۔

پشاور (حسبان میڈیا رپورٹ): مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے مطابق صوبے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات میں تیزی آ گئی ہے اور 13 نومبر کو دو اہم انکوائریوں کے سلسلے میں متعدد افراد کو باضابطہ نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے اہلِ خانہ کی کاروباری شراکت داریوں سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری لین دین اور مالی معاملات کی شفافیت کا جائزہ لینا ہے۔

علاوہ ازیں، ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی جاری انکوائری میں بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ان کے مطابق اس کیس میں مجموعی طور پر 9 افراد کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ایک جائیداد کی خریداری کے معاملے پر 5 افراد کو بطور گواہ طلب کیا گیا ہے۔ مشیر اطلاعات کے مطابق مذکورہ جائیداد کی خریداری کے لیے کی جانے والی 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی باریک بینی سے چھان بین جاری ہے۔

ثمر ہارون بلور نے مزید بتایا کہ نیب نے طلب کیے گئے پانچوں گواہان کو 19 نومبر کو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا ہے، جبکہ ڈاکٹر امجد علی کے کیس میں دوسرا کال اپ نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے ایک اہم گواہ کو 17 نومبر کو طلب کیا گیا ہے اور مالی شواہد اکٹھے کرنے کے لیے 4 نجی کمپنیوں کا بینک ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔