حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ۔• پیرامیڈیکس کی 39 آسامیوں پر 81 افراد بھرتی، فی آسامی 20 سے 25 لاکھ روپے رشوت وصولی کا انکشاف۔ Home / باجوڑ /

باجوڑ۔• پیرامیڈیکس کی 39 آسامیوں پر 81 افراد بھرتی، فی آسامی 20 سے 25 لاکھ روپے رشوت وصولی کا انکشاف۔

- 14/11/2026
باجوڑ۔• پیرامیڈیکس کی 39 آسامیوں پر 81 افراد بھرتی، فی آسامی 20 سے 25 لاکھ روپے رشوت وصولی کا انکشاف۔

خار، باجوڑ (حسبان میڈیا رپورٹ): قبائلی ضلع باجوڑ کے محکمہ صحت میں پیرامیڈیکس اسٹاف کی بھرتیوں کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں اور مالی بدعنوانی کے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں، جہاں مبینہ طور پر 39 مشتہر آسامیوں کے برعکس 81 افراد کو بھرتی کیا گیا اور باضابطہ تعیناتی سے کئی ماہ قبل ہی تنخواہوں کا اجراء بھی شروع کر دیا گیا۔ تحقیقاتی صحافی لحاظ علی کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں لاکھوں روپے رشوت وصول کیے جانے کے شواہد نے بھرتی کے پورے نظام کی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

رپورٹ میں سامنے آنے والی دستاویزات اور تفصیلات کے مطابق جنوری 2025 میں محکمہ صحت باجوڑ میں پیرامیڈیکس کی 39 آسامیوں کے لیے اشتہار شائع کیا گیا تھا، جس کے تحت تعلیمی ٹیسٹنگ و ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) نے 15 فروری کو تحریری امتحان لیا جبکہ کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 22 سے 26 اپریل کے دوران مکمل کیے گئے۔ تاہم 19 ستمبر 2025 کو جب حتمی تعیناتیوں کی فہرست منظرِ عام پر آئی تو اس میں 39 کے بجائے 81 افراد کے نام شامل تھے۔ مزید حیران کن امر یہ ہے کہ ان ملازمین کو 27 مئی 2025 سے تنخواہوں کی ادائیگی شروع کر دی گئی تھی، جو کہ باضابطہ تقرری کی فہرست جاری ہونے سے تقریباً چار ماہ قبل کا وقت ہے۔

اس معاملے پر مقامی رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) کی شکایت کے بعد کیس کو اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی نے بھی اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کروا دی ہے۔ انکوائری رپورٹ میں مبینہ جعلی اسناد کے استعمال، بھرتیوں میں سنگین بے ضابطگیوں اور فی آسامی 20 سے 25 لاکھ روپے تک رشوت وصول کرنے جیسے سنگین الزامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ابتدائی انکوائری کے بعد متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کو عہدے سے معطل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں دوبارہ بحال کر دیا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں کے مطابق سرکاری بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی اس نوعیت کی شکایات صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی موصول ہو رہی ہیں، لہٰذا ضروری ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اصل ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ میرٹ کی بالادستی اور عوامی اعتماد بحال ہو سکے۔