خار، باجوڑ (حسبان میڈیا رپورٹ): ضلع باجوڑ میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو مستحکم بنانے اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ایک اہم عملی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت خار گرڈ اسٹیشن میں نئے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کے لیے کل سے باقاعدہ کھدائی اور تعمیراتی کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ سابق گورنر خیبرپختونخوا و چیئرمین اے آر ڈی سی (ARDC) انجینئر شوکت اللہ خان کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں متعلقہ حکام اور انجینئرز کی جانب سے خار گرڈ اسٹیشن کا خصوصی دورہ کیا گیا تھا، جس میں تکنیکی امور اور تنصیب کے مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دورے کے بعد اب منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور کل سے ٹرانسفارمر کی فاؤنڈیشن کے لیے کھدائی کا کام باقاعدہ شروع کر دیا جائے گا۔ نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے گرڈ اسٹیشن کی مجموعی استعدادِ کار میں نمایاں اضافہ ہوگا اور علاقے میں کم وولٹیج سمیت غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
علاوہ ازیں، ضلع باجوڑ کے شعبہ صحت کو مستحکم بنانے کے لیے ایک اور اہم فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کے تحت تحصیل ناواگئی ہسپتال اور ماموند لرخلوزو ہسپتال کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کے لیے جلد ہی علیحدہ فیڈرز فعال کیے جائیں گے۔ ان مخصوص فیڈرز کے فعال ہونے سے دونوں بڑے طبی مراکز کو چوبیس گھنٹے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے ایمرجنسی سروسز، آپریشن تھیٹرز اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ مقامی عمائدین اور شہریوں نے توانائی اور صحت کے شعبوں میں ان انقلابی اقدامات کو ضلع باجوڑ کی تعمیر و ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔