خیبرپختونخوا حکومت نے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دفتر کے 19 کمرے اور دیگر دفاتر فوری خالی کرنے کا حکم دیا ہے، تاہم ساتھ ہی عدم تعمیل کی صورت میں زبردستی قبضہ واگزار کرانے کا انتباہ دے دیا ہے۔
محکمہ انتظامیہ کے سٹیٹ آفیسر کی جانب سے جاری نوٹس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے لیے مختص دفاتر 12 نومبر یعنی آج تک ہر صورت خالی کرکے ان کا قبضہ متعلقہ سیکریٹریٹ کے حوالے کیا جائے۔
نوٹس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کے زیر استعمال 19 کمرے اور دفاتر مجاز اتھارٹی نے 30 اکتوبر کے محکمانہ حکم کے تحت ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کو الاٹ کیے تھے۔
محکمہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سٹیٹ آفس کے نمائندوں نے متعدد مرتبہ دفاتر کی منتقلی کے لیے رابطے کیے، تاہم اس کے باوجود بعض دفاتر تاحال خالی نہیں کیے گئے۔
محکمہ انتظامیہ کے مطابق دفاتر خالی نہ ہونے کے باعث ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے سرکاری امور کی انجام دہی متاثر ہو رہی ہے، جس پر مجاز اتھارٹی نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری منتقلی کی ہدایت جاری کی ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت تک 19 کمرے اور دفاتر خالی کرکے ان کا قبضہ متعلقہ سیکریٹریٹ کے حوالے نہ کیا گیا تو محکمہ انتظامیہ انہیں زبردستی خالی کرانے کے لیے کارروائی کرے گا۔
حکومتی نوٹس کے مطابق دفاتر کی منتقلی کے لیے 12 نومبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔