کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو اب 'ری سیٹ' کرنے کی ضرورت ہے اور اسے تاجروں یا کاروباری طبقے کی خواہشات کے بجائے عوام کی مرضی کے مطابق چلانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں "سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبیلیٹیشن" (ایس پی ایچ ایف) کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جبکہ اس منصوبے کی مکمل تکمیل پر مجموعی طور پر 20 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سندھ اور پاکستان بلکہ دنیا بھر میں گھروں کی تعمیر کے بڑے منصوبوں میں شامل ہے، کیونکہ اس سے قبل سب سے زیادہ گھر بنانے کا ریکارڈ نیپال کے پاس تھا جہاں سات لاکھ گھر تعمیر کیے گئے تھے۔
ملکی سیاسی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ پہلے اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لیں اور اپوزیشن کے ساتھ نئے تنازعات پیدا کرنے کے بجائے افہام و تفہیم سے کام لیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ عوامی مفاد کے تمام کام مل کر کیے جائیں گے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر پیش رفت آسان ہو سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام حکومتوں کی طرف تقسیم اور لڑائی کی سیاست کے لیے نہیں بلکہ اپنی زندگی آسان بنانے اور مسائل کے حل کے لیے دیکھتے ہیں۔