حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث ایک ہزار سے زائد افراد اور گروپس کی نشاندہی کر لی گئی، حکام Home / پاکستان /

سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث ایک ہزار سے زائد افراد اور گروپس کی نشاندہی کر لی گئی، حکام

- 12/11/2026
سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث ایک ہزار سے زائد افراد اور گروپس کی نشاندہی کر لی گئی، حکام

پشاور: خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اس دھندے میں ملوث ایک ہزار سے زائد افراد اور بااثر گروپس کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جن کے قومی شناختی کارڈ منسوخ کرنے اور پاسپورٹ بلاک کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی سالوں کے دوران غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد کیا جا چکا ہے، تاہم اس غیر قانونی سرگرمی کے باعث قومی خزانے کو اب تک کروڑوں روپے کے بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان منظم گروپس میں بااثر افراد بھی شامل ہیں، جبکہ نوشہرہ، کرک اور کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کی جانب سے ماضی میں انتظامی افسران اور پولیس اہلکاروں پر حملے بھی کیے گئے ہیں۔

حکام نے نشاندہی کیے گئے تمام افراد کی مکمل تفصیلات متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز، ڈی پی اوز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوا دی ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان عناصر کے قومی شناختی کارڈ منسوخ کیے جائیں، پاسپورٹ بلاک کیے جائیں اور غیر قانونی کان کنی کے لیے بھاری مشینری فراہم کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف رات کے اوقات میں مشترکہ آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ قدرتی وسائل کی لوٹ مار کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔