اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے کے معدنی وسائل کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے مکمل سیکیورٹی اور ون ونڈو آپریشن فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ "پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم" سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے میں جدید خطوط پر کان کنی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور انہیں ایک ہی چھت تلے تمام امور نمٹانے کے لیے 'ون ونڈو آپریشن' کی سہولت میسر ہو گی۔
فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی قدرتی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور گیس کی پیداوار کے لحاظ سے ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے نہ صرف صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔