حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گیس کی بندش اور شدید لو پریشر کے باعث ٹانک کے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار۔ Home / پاکستان /

گیس کی بندش اور شدید لو پریشر کے باعث ٹانک کے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار۔

- 12/11/2026
گیس کی بندش اور شدید لو پریشر کے باعث ٹانک کے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار۔

ٹانک: ضلع ٹانک میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں، جہاں مقررہ شیڈول کے مطابق بھی گیس کی فراہمی معطل ہونے اور شدید لو پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی ذرائع اور شہریوں کے مطابق ضلع ٹانک میں گیس سپلائی کا نظام مسلسل بدانتظامی کا شکار ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایت پر ضلعی گیس آفس کی جانب سے مین سپلائی کا معاملہ ضلع کرک سے منسلک کر کے اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کی جاتی ہے، حالانکہ مقامی سطح پر گیس کی تقسیم، بالخصوص بنوں روڈ پر واقع ٹانک کے مین سپلائی والو اور پریشر کی نگرانی و دیکھ بھال مقامی عملے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

عوامی حلقوں نے اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ضلعی گیس حکام عرصہ دراز سے سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر ٹانک میں بیٹھنے کے بجائے ڈیرہ اسماعیل خان سے دفتری امور انجام دے رہے ہیں۔ افسران کی عدم موجودگی کے باعث نہ صرف مقامی سطح پر شکایات کا ازالہ نہیں ہو پا رہا بلکہ سپلائی نظام کی مؤثر نگرانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ٹانک میں گیس شیڈول کی خلاف ورزی اور لو پریشر کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنوں روڈ کے مین سپلائی والو اور پریشر کنٹرول نظام کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے اور متعلقہ ضلعی افسران کو ٹانک میں دفتر کھول کر عوامی مسائل حل کرنے کا پابند بنایا جائے۔