حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاک افغان تنازع کے باعث 13 ماہ میں پاکستانی برآمدات میں 1.3 ارب ڈالر کی کمی کا انکشاف، وزارتِ تجارت Home / پاکستان /

پاک افغان تنازع کے باعث 13 ماہ میں پاکستانی برآمدات میں 1.3 ارب ڈالر کی کمی کا انکشاف، وزارتِ تجارت

- 12/11/2026
پاک افغان تنازع کے باعث 13 ماہ میں پاکستانی برآمدات میں 1.3 ارب ڈالر کی کمی کا انکشاف، وزارتِ تجارت

اسلام آباد: وفاقی وزارتِ تجارت کی ایک اہم دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی اور تجارتی گزرگاہوں کی بندش کے باعث گزشتہ 13 ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

وفاقی وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 سے اب تک کے 13 ماہ کے عرصے میں نہ صرف ملکی برآمدات کو شدید نقصان پہنچا ہے بلکہ ٹرانزٹ ٹریڈ کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن میں بھی 20 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اکتوبر 2025 میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر طورخم اور چمن کی سرحدی گزرگاہوں کو ہر قسم کی تجارتی سرگرمیوں کے لیے غیر معینہ مدت تک بند کر دیا تھا۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے متبادل راستے کے طور پر ایرانی کوریڈور استعمال کرتے ہوئے وسط ایشیائی ریاستوں کو برآمدات میں معمولی اضافہ کیا ہے، جو مالی سال 25-2024 کے 38 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 26-2025 میں بڑھ کر 39 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ تاہم، متبادل راستوں کے باعث ٹرانزٹ لاگت اور ترسیل کے وقت میں غیر معمولی اضافے نے گوشت اور فارماسیوٹیکلز جیسے اہم برآمدی شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ مزید برآں، روس پر بحری شپنگ پابندیوں کے سبب زمینی کوریڈورز کے ذریعے ہونے والی پاک روس تجارت بھی تعطل کا شکار ہوئی ہے۔

وزارتِ تجارت کی رپورٹ کے مطابق خطے میں تجارتی راہداریوں کا توازن تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ وسط ایشیائی ریاستوں نے اپنی تجارت کے لیے ترکیہ مرکز "مڈل کوریڈور" کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے، جبکہ افغانستان نے جارجیائی اور ایرانی کوریڈورز کا رخ کر لیا ہے۔ دستاویز میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ افغانستان نے اپنی زیادہ تر دوطرفہ اور ٹرانزٹ تجارت پاکستان سے ہٹا کر ایران اور وسط ایشیائی ممالک، بالخصوص ازبکستان اور قازقستان منتقل کر دی ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بھارت، چین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی اپنے تجارتی روابط کو فروغ دیا ہے۔