حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
صوابی میں پولیس وین پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 2 اہلکار شہید، ایک شدید زخمی Home / پاکستان /

صوابی میں پولیس وین پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 2 اہلکار شہید، ایک شدید زخمی

- 12/11/2026
صوابی میں پولیس وین پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 2 اہلکار شہید، ایک شدید زخمی

صوابی: چوکی منصوری کے قریب پولیس کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

صوابی پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ چھوٹا لاہور کی حدود میں واقع پولیس چوکی منصوری کے قریب پیش آیا، جہاں معمول کے گشت پر مامور پولیس موبائل پر گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر گاڑی میں سوار دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ ان کا ایک ساتھی شدید زخمی ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی وقاص رفیق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمی جوان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈی پی او وقاص رفیق کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے پورے علاقے کی سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور گردونواح میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔