حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کراچی والوں کے لیے اسٹریٹ کرائم کا بھیانک سال؛ 46 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ۔ Home / پاکستان /

کراچی والوں کے لیے اسٹریٹ کرائم کا بھیانک سال؛ 46 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ۔

ایڈیٹر - 07/11/2026
کراچی والوں کے لیے اسٹریٹ کرائم کا بھیانک سال؛  46 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ۔

کراچی میں رواں برس اسٹریٹ کرائم کی سنگین صورتحال؛ 5 نومبر تک 46 ہزار سے زائد وارداتیں، درجنوں شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

کراچی (حسبان نیوز ڈیسک): روشنیوں کے شہر کراچی میں رواں برس اسٹریٹ کرائم کی لہر میں ہولناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں 5 نومبر تک مجموعی طور پر 46 ہزار 617 اسٹریٹ کرائم کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جرائم کے ان اعداد و شمار نے شہر کی امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ سب سے زیادہ تشویشناک امر یہ ہے کہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی بے رحم فائرنگ سے اب تک درجنوں معصوم شہری اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 65 بتائی گئی ہے جبکہ 182 افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم دوسری جانب پولیس ریکارڈ کے مطابق دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 51 درج کی گئی ہے۔ چھینی گئی املاک کی تفصیلات کے مطابق، 5 نومبر تک شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کے 16 ہزار 821 موبائل فون چھینے جا چکے ہیں، جس کی یومیہ شرح 54.43 بنتی ہے۔ مزید برآں، اس دوران 1301 گاڑیاں اور 28 ہزار 495 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔ اعداد و شمار کے موازنے سے معلوم ہوتا ہے کہ 4 ہزار 273 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں گن پوائنٹ پر چھینی گئیں جبکہ 25 ہزار 523 چوری کی گئیں۔ شہر میں موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری ہونے کی یومیہ شرح 92.21 جبکہ گاڑیوں کی یومیہ شرح 4.21 رہی ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔