فخرِ باجوڑ ایوارڈ میلہ؛ تشہیر، نامزدگیاں اور انصاف کے تقاضے!
تحریر صاحبزادہ بہاؤالدین سے:
معاون: سابقہ یونین کونسل چیئرمین حاجی نظام الدین کوثر۔
گزشتہ روز 6 نومبر کو خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے نشتر ہال میں منعقد ہونے والی تقریب فخرِ باجوڑ ایوارڈ بالآخر اختتام پذیر ہوئی، تاہم اس کے پس پردہ کارفرما منتظمین اور معاونین کے بارے میں اب آہستہ آہستہ حقائق منظرِ عام پر آنے لگے ہیں۔ تقریب سے تقریباً ایک ماہ قبل سوشل میڈیا پر روزانہ کی بنیاد پر کسی نہ کسی شخصیت کو فخرِ باجوڑ ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی تشہیری مہم شروع ہوئی، تو دوسری جانب معزز مہمانوں کے ناموں کے اعلانات کا سلسلہ بھی زور پکڑتا رہا۔ یوں یہ تقریب انعقاد سے قبل ہی ضلع باجوڑ میں بحث و مباحثے کا موضوع بن گئی۔ کسی نے نامزدگیوں کو سراہا تو کسی نے کھل کر اعتراضات اٹھائے، لیکن بیشتر لوگوں کے ذہنوں میں ایک بنیادی سوال موجود رہا کہ آخر اس تقریب کے اصل منتظمین کون ہیں اور اس کے پیچھے کون سی قوتیں یا شخصیات کارفرما ہیں؟ منتظمین کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ نہ اس تقریب کے پیچھے کوئی این جی او ہے اور نہ ہی حکومتی سرپرستی، بلکہ اس کا تصور باجوڑ سے تعلق رکھنے والے طلباء کا تھا، جبکہ مالی معاونت مختلف کاروباری شخصیات نے کی۔ اب تک سامنے آنے والے تین نمایاں سپانسرز میں عبدالرزاق اخون خیل، فضل سعید اور میاں فضل ربی شامل ہیں۔ عبدالرزاق اخون خیل کا تعلق تحصیل خار کے گاؤں کوثر سے ہے اور وہ اسلام آباد میں آمین ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام سے رئیل اسٹیٹ کا وسیع کاروبار چلا رہے ہیں۔ وہ خوش اخلاق، ملنسار اور مہمان نواز شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ فضل سعید کا تعلق گاؤں خار سے ہے، جنہوں نے مختلف ملکی و غیر ملکی این جی اوز میں خدمات انجام دینے کے بعد اسلام آباد میں ذاتی کاروبار اور کمپنیوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں قدم رکھا، جبکہ میاں فضل ربی کا تعلق چینہ گئ خوڑ بابا سے ہے اور وہ مقامی طور پر میاں گان قبیلے سے وابستہ ہیں۔ تاہم مصدقہ ذرائع کے مطابق ان تینوں کے علاوہ بھی متعدد سپانسرز موجود ہیں، جن میں بعض اسلام آباد کے رئیل اسٹیٹ کاروبار سے منسلک ہیں اور جن کے نام ابھی منظرِ عام پر آنا باقی ہیں۔
یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ کسی کاروباری شخصیت کا کسی تقریب کی مالی معاونت کرنا یا اپنے کاروبار کی تشہیر کرنا ہرگز کوئی قابلِ اعتراض عمل نہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ آج کے دور میں تشہیر کاروباری ترقی کا ایک لازمی جزو بن چکی ہے، لیکن سوال اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کاروباری سرپرستی اور ایوارڈز کی نامزدگیوں کے درمیان تعلقات، قربتوں اور مفادات کا تاثر جنم لینے لگے۔ بظاہر تقریب کے منتظمین خود کو مختلف جامعات کے طلباء قرار دیتے ہیں، جبکہ بعض نامزد شخصیات کے ساتھ سپانسرز کے خاندانی، ذاتی یا کاروباری مراسم بھی بتائے جاتے ہیں۔ ایسے میں یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ کیا نامزدگیوں کا معیار واقعی میرٹ اور خدمات تھا یا کہیں نہ کہیں ذاتی تعلقات اور قربتوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا؟ شہداء کی نامزدگیاں یقیناً اس تقریب کا سب سے قابلِ فخر اور قابلِ احترام پہلو تھیں۔ ان عظیم سپوتوں نے اپنے لہو سے باجوڑ کی مٹی کو معطر کیا، اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ایسی قربانیاں رقم کیں جن پر آنے والی نسلیں بھی فخر کرتی رہیں گی۔ لیکن زندہ شہداء کے نام پر دیے جانے والے ایوارڈز کی نامزدگیوں پر مسلسل اٹھنے والے سوالات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ باجوڑ میں ایسے بے شمار لوگ موجود ہیں جنہوں نے نامساعد حالات میں اپنی زندگیاں عوامی خدمت، تعلیم، محنت، زراعت، سرکاری فرائض اور سماجی بہبود کے لیے وقف کر رکھی ہیں۔ افسوس کہ نامزدگیوں میں نہ غریب مزدور اور محنت کش کو وہ مقام مل سکا، نہ زمیندار، نہ ادنیٰ و اعلیٰ سرکاری اہلکاروں کی بے لوث خدمات کو مناسب نمائندگی دی گئی اور نہ ہی سیاسی و مذہبی حلقوں کے حوالے سے کوئی متوازن معیار دکھائی دیا۔ بعض نامزدگیوں کے بارے میں یہ تاثر بھی مضبوط ہوا کہ ان کی بنیاد حقیقی خدمات سے زیادہ ذاتی قربت، رشتہ داری یا سپانسرز سے کسی نہ کسی درجے کے تعلق پر رکھی گئی۔ اگر اس مقصد کے لیے ایک غیر جانب دار اور بااختیار کمیٹی تشکیل دی جاتی، جو باجوڑ آکر مختلف مکاتبِ فکر، مقامی انتظامیہ، سیاسی و مذہبی حلقوں، سماجی شخصیات اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کرتی، تو یقیناً زیادہ مستند، منصفانہ اور قابلِ قبول نام سامنے آسکتے تھے۔
اس تمام تر تنقید اور اختلافِ رائے کے باوجود تقریب کے انعقاد کی کاوش کو سراہنا بھی ضروری ہے۔ اپنے علاقے کے نام سے ایک مثبت سرگرمی کا اہتمام کرنا، باجوڑ کے شہداء اور نمایاں شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور نوجوانوں کو ایسی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا بلاشبہ قابلِ تعریف اقدام ہے۔ تاہم کسی بھی ایوارڈ کی اصل قدر اس کے نام، تقریب کی شان و شوکت یا معزز مہمانوں کی تعداد سے نہیں بلکہ اس کے انتخابی معیار، شفافیت اور میرٹ سے متعین ہوتی ہے۔ منتظمین کو چاہیے کہ آئندہ ایسی کسی تقریب سے قبل ایک غیر جانب دار کمیٹی تشکیل دیں، نامزدگیوں کے لیے واضح اصول وضع کریں اور فیصلہ کرتے وقت ذاتی تعلقات، رشتہ داریوں اور کاروباری قربتوں سے بالاتر ہوکر حقیقی خدمات کو ترجیح دیں۔ آخر میں یہ بھی عرض ہے کہ کسی کے لئے معمولی یا غیر معمولی اعزاز سہی ، نہ ہی اس کے ساتھ کسی مالی انعام یا پلاٹ کی توقع وابستہ تھی؛ یہ تو محض اپنے علاقے کے لیے خدمات انجام دینے والوں کی عزت افزائی کا ایک نام تھا۔ لیکن اس بار جلد بازی اور عجلت میں کیے گئے بعض فیصلوں نے اس خوب صورت تصور کو غیر ضروری تنازعات کی نذر کردیا۔ بہرحال، اس تقریب سے جہاں منتظمین اور سپانسرز کے کاروبار کی خوب تشہیر ہوئی، وہیں ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات بھی سوشل میڈیا پر خوب زیرِ بحث رہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ اس سلسلے کو محض ایک تشہیری میلہ بنایا جاتا ہے یا واقعی اسے باجوڑ کی اجتماعی عزت، شناخت اور حقیقی خدمت گاروں کے اعتراف کا ایک معتبر پلیٹ فارم بنایا جاتا ہے۔