حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار سے زائد آسامیوں پر 4 ہزار سے زیادہ بھرتیاں؛ مولانا اسعد محمود پر سنگین الزامات کے بعد احتسابی اداروں کا بلاوا! Home / سیاست /

پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار سے زائد آسامیوں پر 4 ہزار سے زیادہ بھرتیاں؛ مولانا اسعد محمود پر سنگین الزامات کے بعد احتسابی اداروں کا بلاوا!

ایڈیٹر - 04/11/2026
پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار سے زائد آسامیوں پر 4 ہزار سے زیادہ بھرتیاں؛ مولانا اسعد محمود پر سنگین الزامات کے بعد احتسابی اداروں کا بلاوا!

راولپنڈی/اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو پاکستان پوسٹ آفس میں ہونے والی مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور بڑے پیمانے پر مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کے معاملے پر طلب کر لیا ہے۔ احتسابی اداروں کی جانب سے سابق وفاقی وزیر کو باقاعدہ نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو 10 نومبر 2026 کو صبح 11 بجے نیب کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس کے مندرجات کے مطابق، اسعد محمود کے دورِ وزارت (سال 2022 تا 2023) کے دوران پاکستان پوسٹ آفس میں بڑے پیمانے پر ہونے والی بدعنوانی کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں صرف 3,938 آسامیوں پر بھرتیوں کی باقاعدہ اجازت دی تھی، لیکن مبینہ طور پر صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے 4,252 افراد کو بھرتی کیا گیا۔ مزید برآں، کابینہ کمیٹی کی واضح ہدایات اور قواعد کے برعکس 2,646 ایسی آسامیوں پر بھی بھرتیاں کی گئیں جو پہلے ہی ختم کی جا چکی تھیں۔

نیب کے نوٹس میں یہ سنگین انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ مروجہ قوانین کے تحت کنٹریکٹ کی بنیادوں پر تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے بھرتیوں کی سفارش کی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود من پسند افراد کو براہِ راست مستقل تقرریاں دی گئیں۔ ان بھرتیوں میں جعلی اور بوگس تعلیمی و طبی دستاویزات کا استعمال، زائد العمر امیدواروں کو نوازنے اور ڈومیسائل کوٹے کی کھلی خلاف ورزیوں کے بھی ٹھوس الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بھی اسعد محمود کو اسی کیس میں 2 نومبر کو صبح 11 بجے اپنا تفصیلی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا، جہاں پاکستان پوسٹ میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی متوازی تحقیقات جاری ہیں۔