پشاور: خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے سرکاری پرائمری اسکولوں کے مرد و خواتین اساتذہ کے لیے محکمہ خزانہ کی جانب سے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ صوبائی محکمہ خزانہ نے اساتذہ کی گریڈ 12 سے گریڈ 14 میں اپ گریڈیشن اور انہیں "سینئر پرائمری اسکول ٹیچر (ایس پی ایس ٹی)" کا نیا نام دینے کی تجویز پر محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو باقاعدہ تنظیمی و انتظامی جائزہ لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مراسلے کے مطابق، نئی صوبائی حکومت کی اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت پرائمری اسکول ٹیچرز (پی ایس ٹی) کی آسامیوں کو بی پی ایس-12 سے بی پی ایس-14 میں اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے حتمی پیش رفت سے قبل آرگنائزیشن اینڈ مینجمنٹ (O&M) اسٹڈی کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اس پورے معاملے کو تفصیلی جائزہ لینے اور سفارشات مرتب کرنے کے لیے محکمہ انسانی وسائل و انتظامی امور (HR) کے پاس بھیجا جائے تاکہ تمام انتظامی پہلوؤں کو قانون کے مطابق پرکھا جا سکے۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ اس مجوزہ اپ گریڈیشن کا تنظیمی و انتظامی جائزہ مکمل کر کے حتمی سفارشات اور تجاویز تیار کریں۔ ان سفارشات کی تیاری کے بعد ہی فائل کو دوبارہ غور و خوض اور حتمی منظوری کے لیے محکمہ خزانہ کو ارسال کیا جائے گا۔ اس اقدام سے ضم شدہ اضلاع کے ہزاروں اساتذہ کا طویل عرصے سے جاری گریڈ اور مراعات کا مسئلہ حل ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔