سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی فیملی کورٹ نے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کرتے ہوئے نکاح ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
فیملی کورٹ کی جج امبرین اقبال نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ خاتون شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں، جبکہ فریقین کے درمیان مصالحت کی متعدد کوششیں بھی ناکام رہیں۔
عدالت کے مطابق حمیرا طیبہ نے اپنے بیانِ حلفی میں شوہر سے نفرت اور ان کے ساتھ رہنے سے انکار کا اظہار کیا، جس کے بعد عدالت نے خلع کی ڈگری جاری کردی۔ فیصلے میں یہ بھی قرار دیا گیا کہ حق مہر کے حوالے سے دونوں فریقین کا ایک دوسرے پر کوئی دعویٰ باقی نہیں۔
عدالت نے بچوں کے نان و نفقہ، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعاؤں سے متعلق باقی دعویٰ واپس لیے جانے پر خارج کردیا، جبکہ خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل شوہر اور متعلقہ یونین کونسل کو بھجوانے کا حکم بھی دیا۔