باجوڑ (خصوصی رپورٹر، حسبان میڈیا): خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید آفریدی کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی صنعتی یونٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر خار عامر اللہ خان وزیر کی زیرِ نگرانی، تحصیلدار خار نے تحصیل کے علاقے شیخ کلی میں قائم متعدد ماربل فیکٹریوں کا اچانک اور تفصیلی معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران ماحولیاتی اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والی، اور بغیر این او سی (NOC) کے چلنے والی متعدد ماربل فیکٹریوں کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق ان فیکٹریوں کو سرکاری ضوابط کی کھلی خلاف ورزی اور صنعتی قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے کی پاداش میں بند کیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران فیکٹری مالکان کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنے تمام قانونی دستاویزی تقاضے اور سرکاری ضوابط کو فی الفور پورا کریں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خار عامر اللہ خان وزیر نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں مالکان کو بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں جیسے مزید سخت قانونی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ضلعی انتظامیہ باجوڑ کا عزم ہے کہ علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو منظم کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے مروجہ قوانین پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔