حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مہمند میں انسدادِ پولیو ٹیم پر فائرنگ، سیکورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید۔ Home / قبائلی اضلاع /

مہمند میں انسدادِ پولیو ٹیم پر فائرنگ، سیکورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید۔

ایڈیٹر - 03/11/2026
مہمند میں انسدادِ پولیو ٹیم پر  فائرنگ، سیکورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید۔

ضلع مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں انسدادِ پولیو مہم کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح ملزمان نے بزدلانہ فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار انسدادِ پولیو ٹیم کی حفاظت کے لیے اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔

مقامی پولیس ذرائع کے مطابق مسلح ملزمان نے گھات لگا کر سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد پشاور اور مہمند پولیس نے مشترکہ طور پر علاقے کی سخت ناکہ بندی کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور قانون ہاتھ میں لینے والے سفاک عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔