12 اضلاع کے نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے مشیر برائے اطلاعات محمود جان بابر سے ٹی یوجے وفد کی ملاقات
صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پریس کلبوں کے مسائل کا حل ترجیح ہے، اختلافات بالائے طاق رکھ کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، محمود جان بابر
پشاور : ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کے صدر حسبان اللہ کی قیادت میں تنظیم کے کابینہ اراکین کے ایک وفد نے مشیر اطلاعات محمود جان بابر سے ملاقات کی، جس میں قبائلی اضلاع سمیت مختلف پریس کلبوں کو درپیش مسائل، گرانٹس اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے دستیاب سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری محمد جمیل، فنانس سیکرٹری دلدار حسین، پریس سیکرٹری انورزادہ گلیار، ایگزیکٹو کونسل کے اراکین اور سینئر صحافی قاضی فضل اللہ، حاجی پذیر گل، زاہد وزیر اور دیگر بھی شریک تھے۔اس موقع پر مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کے حل اور پریس کلبوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے فلاحی امور کو آگے بڑھانے اور پریس کلبوں کے گرانٹس سمیت دیگر مراعات سے متعلق مسائل پر توجہ دی جائے گی۔وفد نے مشیر اطلاعات کو قبائلی اضلاع کے صحافیوں کو درپیش مشکلات اور پریس کلبوں کی ضروریات سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی اور آزادانہ صحافت کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ انہیں مناسب سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے یقین دلایا کہ تنظیم صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور پریس کلبوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وفد نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ متعلقہ حکام کے ساتھ رابطوں اور باہمی تعاون کے ذریعے صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کی جانب عملی پیش رفت ممکن بنائی جا سکے گی۔