پشاور: شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ متحرک، قاضی آباد میں مضرِ صحت چائے تیار کرنے والے گودام پر چھاپہ، بھاری مقدار میں کیمیکل برآمد
پشاور ( حسبان میڈیا): صوبائی دارالحکومت پشاور میں شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے ایک بڑا اور کامیاب کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی خصوصی ہدایات پر انتظامیہ نے قاضی آباد کے علاقے میں واقع ایک خفیہ گودام پر اچانک چھاپہ مار کر لکڑی کے بھورے اور مضرِ صحت کیمیکلز کے ذریعے تیار کی جانے والی بھاری مقدار میں جعلی چائے پتی اور ممنوعہ کیمیکلز برآمد کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، ضلعی انتظامیہ کو قاضی آباد میں ایک ایسے گروہ کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی جو چائے کی پتی میں وزن بڑھانے اور رنگ تیز کرنے کے لیے مضرِ صحت کیمیکلز اور لکڑی کا چورا (بھورا) مکس کر کے اسے شہر کے مختلف بازاروں اور ہوٹلوں میں سپلائی کر رہا تھا۔ اس مکروہ دھندے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گودام کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر سیل کر دیا اور وہاں موجود سینکڑوں کلو گرام غیر معیاری پتی کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے اس کارروائی کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ شہریوں کی صحت اور خوراک کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ناجائز منافع کمانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد ایسے مشکوک گوداموں کی فوری اطلاع حکام کو دیں۔