باجوڑ میں یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی
باجوڑ: ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید آفریدی کی زیرِ نگرانی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سول کالونی جرگہ ہال خار میں یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد ریلی بھی نکالی گئی۔تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ خانزیب مہمند، ضلعی انتظامیہ و پولیس کے افسران، علاقائی مشران، مختلف محکموں کے سربراہان، طلباء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلباء نے تقاریر کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدنان فرید آفریدی اور ڈی پی او خانزیب مہمند نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ ان کے حقِ آزادی کی حمایت بھی کی گئی۔ تقریب کے دوران کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی سربراہی میں سول کالونی جرگہ ہال سے کالونی مین روڈ تک ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی، امن و امان اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔