سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ باجوڑ میں ہونے والا بم دھماکہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ اس بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کا ضیاع پورے ملک کے لیے صدمہ ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل اور دیگر شہداء کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم اس المناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
حکومت اور ریاست شہریوں کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں لیکن اس وقت خیبرپختونخوا میں عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے۔ بالخصوص جنوبی اضلاع اور ضم اضلاع میں پے درپے دہشت گردی کے واقعات رونما ہورہے ہیں، لوگ اغوا ہو کر جرگوں کے ذریعے رہا کئے جارہے ہیں، یہاں تک کہ ڈی آئی خان موٹروے پر دہشت گرد آزادانہ گھوم رہے ہوتے ہیں لیکن حکومت رسمی بیانات تک محدود ہوچکی ہے اور کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے۔ آج بھی انکی توجہ عوام، امن و امان اور دیگر مسائل نہیں بلکہ ایک شخص ہے۔ جب تک ترجیح عوام نہیں ہوں گے، تب تک کوئی بھی مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا۔