باجوڑ۔ گزشتہ رات سکیورٹی فورسزکے کانوائے کے جانب سے تحصیل خار کے علاقے گنگ تا تنگی چوک عام لوگوں کے گھروں پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی باجوڑ صاحبزادہ ہارون رشید ، مولانا وحید گل ، حاجی سردار خان اور دیگر نے باجوڑ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستانی سیکورٹی فورسز کے قافلے نے رات کے 11 بجے تحصیل خار کے علاقے گنگ تا تنگی چوک گشت کے دوران عام آبادی پر اچانک بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پہنچا اور گھروں کے گیٹ اور چار دیواری کو شدید نقصان پہنچا ۔ پورا علاقہ اس بات کا گواہ ہے کہ پاکستانی سیکورٹی فورسز کی کانوائے جو کہ 6 گاڑیوں پر مشتمل ہے بلا کسی وجہ عام آبادی پر فائرنگ شروع کردی جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، عام آبادی کو ٹارگٹ کرنا ریاستی دہشتگردی ہے ، یہ کسی اور کو خوش کرنے کیلئے یہ اقدامات کررہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور بروز جمعرات اس کے خلاف باجوڑ پریس کلب تا خار چوک احتجاجی مارچ کا انعقاد کریں گے۔ ہم اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ کی تحقیقات کریں اور آئندہ کیلئے اس کے روک تھام اور سد باب کریں۔