باجوڑ کے تحصیل خار علاقہ صدیق آباد میں بم دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت پانچ افراد شہید جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔ چار زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز تقریباً دوپہر 2 بجے تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں ناوگئی روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی پر اس وقت بم دھماکہ ہوا جب وہ ناوگئی سے ہیڈ کواٹر خار آرہے تھے۔ بم دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔
بم دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل ، تحصیلدار ناوگئی عبدالوکیل خان ، پولیس اہلکار ذاہد ، سب انسپکٹر نورحکیم اور فضل منان شہید ہوگئے۔ جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے زخمی ہونے والوں میں کانسٹیبل ایاز ، کانسٹیبل محمد زمین ، کانسٹیبل سید الرحمن ، کانسٹیبل فضل حق جبکہ زخمی ہونے والے سول افراد میں وقار خان ، حیات اللہ ، عمر ، عرفان ، عبدالصمد ، جمیل ، فضل بادشاہ ، زیر گل ، فضل حکیم ، بلال ، عطاء اللہ ، ظاہر کے نام شامل ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ ، ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیاں شروع کی ۔ میتوں اور زخمیوں کو ہیڈ کواٹر ہسپتال خار منتقل کیا۔ شہداء کی نماز جنازہ سول کالونی خار پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی ، ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق ، کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس ، سرکاری آفیسران ، شہداء کے لواحقین اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہداء کو باجوڑ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور حکام نے ان کے جسد خاکی پر پھولوں کے گلدستے رکھے۔ جنازے کے بعد میتوں کو آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا۔