باجوڑ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز معطل، شہریوں کو مشکلات
ضلع باجوڑ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو روز سے موبائل نیٹ ورک اور موبائل انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اطلاعات کے مطابق صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال، احتجاجی مظاہروں اور سیکیورٹی اقدامات کے پیشِ نظر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کی گئی ہیں، تاہم اس حوالے سے شہریوں کو پیشگی آگاہی نہ ملنے کے باعث مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
موبائل سروسز کی بندش سے باجوڑ کے شہریوں کا دوسرے شہروں اور بیرونِ ملک مقیم اپنے رشتہ داروں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جس کے باعث کئی خاندان پریشانی کا شکار ہیں۔ دوسری جانب انٹرنیٹ کی عدم دستیابی سے آن لائن کاروبار، بینکنگ ٹرانزیکشنز اور دیگر تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ طلبہ کو آن لائن کلاسز، تعلیمی مواد اور اسائنمنٹس تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز کی مسلسل بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور میں رابطے کی سہولیات کی معطلی سے عوام کے روزمرہ معمولات اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز فوری طور پر بحال کی جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔