حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جبوتی کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی، 15 بچوں سمیت 139 افراد ہلاک Home / بین الاقوامی /

جبوتی کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی، 15 بچوں سمیت 139 افراد ہلاک

ایڈیٹر - 12/10/2026
جبوتی کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی، 15 بچوں  سمیت 139 افراد ہلاک

جبوتی کے سمندر میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کا ہولناک سانحہ: 15 بچوں سمیت 139 پناہ گزین ہلاک، 80 سے زائد لاپتا، سرچ آپریشن جاری

جبوتی سٹی/لندن: افریقی ملک جبوتی سے تارکینِ وطن کو غیر قانونی طور پر یمن لے جانے والی ایک اوور لوڈڈ کشتی سمندر میں الٹ گئی ہے، جس کے نتیجے میں 15 معصوم بچوں اور 42 خواتین سمیت 139 افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا اور عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق یہ المناک حادثہ 8 اور 9 اکتوبر کی درمیانی شب بحیرہ احمر کے خطرناک بحری راستے پر پیش آیا۔

بین الاقوامی امدادی اداروں کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں گنجائش سے کہیں زیادہ، تقریباً 300 مسافر سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹ گارڈ اور امدادی ٹیموں نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں 60 سے زائد مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے، تاہم اب بھی 80 سے زائد پناہ گزین سمندر کی بے رحم لہروں میں لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ سمندر سے اب تک برآمد کی جانے والی لاشوں میں 42 خواتین اور 15 بچوں کی لاشیں شامل ہیں، جبکہ زندہ بچ جانے والے تمام 60 سے زائد افراد کا تعلق ایتھوپیا سے ہے۔

عالمی ادارہ برائے مہاجرین (IOM) نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرنِ افریقا (Horn of Africa) کے ممالک بشمول ایتھوپیا، صومالیہ، اریٹیریا اور جبوتی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں غریب تارکینِ وطن ہر سال جنگ، غربت اور بے روزگاری سے تنگ آ کر محفوظ پناہ گاہوں اور روزگار کی تلاش میں خلیجی ممالک خصوصاً سعودی عرب پہنچنے کے لیے یہ انتہائی خطرناک بحری سفر اختیار کرتے ہیں۔ آئی او ایم کے مطابق انسانی اسمگلرز ان مجبور پناہ گزینوں کو خستہ حال کشتیوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونس دیتے ہیں، جس کے باعث ایسے خونی حادثات اب روز کا معمول بن چکے ہیں۔ جبوتی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور انسانی اسمگلنگ کے عالمی نیٹ ورک کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔