حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر اہم آئینی اور انتظامی فیصلوں کا امکان Home / سیاست /

وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر اہم آئینی اور انتظامی فیصلوں کا امکان

ایڈیٹر - 11/10/2026
وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر اہم آئینی اور انتظامی فیصلوں کا امکان

اسلام آباد (حسبان نیوز رپورٹ): وفاقی دارالحکومت میں ملک کی سکیورٹی اور بالخصوص خیبرپختونخوا کی ابتر انتظامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت سرجڑ کر بیٹھ گئی۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا انتہائی اہم اور ہنگامی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں دور رس نتائج کے حامل اہم آئینی اور انتظامی فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزرا رانا ثناء اللہ، محسن نقوی، امیر مقام، رانا تنویر، علیم خان سمیت اہم ترین سول و عسکری حکام شریک ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل انٹیلیجنس بیورو (ڈی جی آئی بی) فواد اسد اللہ خان نے وفاقی کابینہ کو ملک اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی آئی بی کی جانب سے صوبے میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات، شرپسند عناصر کی سرگرمیوں اور صوبائی حکومت کی انتظامی ناکامیوں سے متعلق حساس اداروں کی خصوصی اور خفیہ رپورٹس بھی وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین کے سامنے پیش کی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے ایجنڈے میں خیبرپختونخوا میں مستقل امن و استحکام کی بحالی اور کمزور گورننس کے امور سرفہرست ہیں۔ وفاقی کابینہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق، وفاق اور صوبے کے درمیان حالیہ کشیدگی اور امن و امان کے سنگین چیلنجز کے باعث وفاقی کابینہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے غیر معمولی آئینی اقدامات اٹھانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ صوبے میں امن عامہ اور وفاق کی رٹ کو ہر صورت بحال کیا جا سکے۔