حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مشروط حمایت کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ Home / سیاست /

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مشروط حمایت کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

ایڈیٹر - 10/10/2026
خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مشروط حمایت کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف واضح موقف اپنائے، کے پی میں گورنر راج آئینی طور پر غلط نہیں: مراد علی شاہ

سکھر: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف اپنا موقف واضح کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ممکنہ گورنر راج کی مشروط حمایت کر دی ہے۔ سکھر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اصولی طور پر خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کے حق میں نہیں ہے، تاہم پی ٹی آئی کی قیادت کو یہ سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ جب ملک کو دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، تو وہ ریاست کو کس سمت لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر راج اگرچہ جمہوری طور پر ایک ناپسندیدہ عمل ہے، لیکن قانونی اور آئینی طور پر یہ کوئی غلط اقدام نہیں ہے۔

صوبے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے جوڑ دیا۔ انہوں نے صوبے میں گندم کی کسی بھی قسم کی قلت کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گندم کا وافر اسٹاک موجود ہے، تاہم ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بڑھنے سے قیمتوں پر اثر پڑا ہے۔

پنجاب حکومت کی طرز پر آٹے اور روٹی پر عارضی سبسڈی دینے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پہلے ہی گندم پر اربوں روپے کی سبسڈی دے چکی ہے جس کا فائدہ براہِ راست عوام کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت عوامی ریلیف کے لیے پرعزم ہے اور اگر مستقبل میں ضرورت محسوس ہوئی تو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مزید سبسڈی بھی دی جائے گی۔