حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا؛ 1.21 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی راہ ہموار Home / بین الاقوامی,پاکستان /

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا؛ 1.21 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی راہ ہموار

ایڈیٹر - 08/10/2026
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا؛ 1.21 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی راہ ہموار

اسلام آباد / واشنگٹن:
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کو 1.21 ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کیے جانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے اقتصادی جائزہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ حتمی منظوری کے بعد یہ رقم پاکستان کو منتقل کرے گا۔ یہ کامیابی موجودہ توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت چوتھے جائزے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے 'آر ایس ایف' (RSF) پروگرام کے تیسرے جائزے کے اختتام پر سامنے آئی ہے۔

آئی ایم ایف کے اعلامیے میں مشکل بیرونی حالات کے باوجود پاکستان کی معاشی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق، پاکستان نے معاشی اہداف کے حصول کے لیے بہترین کوششیں کیں جس سے ملک میں معاشی استحکام آیا اور اصلاحات کا عمل تیز ہوا۔ عالمی ادارے نے تصدیق کی ہے کہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو 4 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ برس یہ 3.6 فیصد تھی۔ مزید برآں، کلائیمیٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو اضافی 20 کروڑ ڈالرز بھی جاری کیے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے تعلیم اور صحت کا بجٹ بڑھانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جبکہ پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 2 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ نجکاری کے عمل کو تیز کرنے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات کو کم کرنے اور گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کو روکنے کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں۔