حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
حکومت صرف بڑھکیں مار رہی ہے، ان میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی ہمت نہیں: جنید اکبر Home / سیاست /

حکومت صرف بڑھکیں مار رہی ہے، ان میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی ہمت نہیں: جنید اکبر

ایڈیٹر - 07/10/2026
حکومت صرف بڑھکیں مار رہی ہے، ان میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی ہمت نہیں: جنید اکبر

پشاور: وفاق میں بیٹھے حکمران صرف دعوے کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ ان کے بس کی بات نہیں، صدر پی ٹی آئی کے پی جنید اکبر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کے پاس خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی ہمت نہیں ہے، وہ صرف سیاسی بڑھکیں مار رہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنی صوبائی حکومت کو بچانا بھی جانتی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اسے پھونک بھی سکتی ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر وفاق ایسا کوئی قدم اٹھاتا ہے تو پی ٹی آئی کے لیے سیاسی طور پر مزید آسانی پیدا ہو جائے گی۔

دہشت گردی کے حساس موضوع پر بات کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، حال ہی میں ڈی آئی خان میں پی ٹی آئی کے وزرا اور ان کے اہلخانہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ماضی کی پالیسیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی دہشت گردوں کی سپورٹ نہیں کی اور نہ ہی کبھی اسامہ بن لادن جیسے عناصر سے فنڈنگ لی۔ انہوں نے ن لیگ کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف بتائیں کہ وہ کس حیثیت میں طالبان سے مذاکرات کے لیے افغانستان گئے تھے اور ہیلی کاپٹر بھر کر جو لوگ مذاکرات کے لیے گئے، ان کی فہرست دنیا کے سامنے لائی جائے۔

جنید اکبر نے مزید کہا کہ سابق صوبائی وزیر مراد سعید اس لیے روپوش ہیں کیونکہ وہ اس وقت باآواز بلند چیخ رہے تھے کہ دہشت گردوں کو دوبارہ یہاں لا کر نہ بسایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ کسی کے کہنے پر شروع نہیں کیا گیا جو کسی کے دبائو پر ملتوی کر دیا جائے، احتجاج کا طویل وقت اس لیے رکھا گیا تاکہ کوئی درمیانی راستہ نکل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بقا اور صوبے کا امن بانی پی ٹی آئی کے وژن سے جڑا ہے، اسی لیے صوبے کے عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔