حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا کو لوٹا جارہا ہے، نالائق حکمرانوں نے صوبےکے خزانےکو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے: سردار حسین بابک Home / سیاست /

خیبر پختونخوا کو لوٹا جارہا ہے، نالائق حکمرانوں نے صوبےکے خزانےکو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے: سردار حسین بابک

ایڈیٹر - 07/10/2026
خیبر پختونخوا کو لوٹا جارہا ہے، نالائق حکمرانوں نے صوبےکے خزانےکو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے: سردار حسین بابک

پشاور: خیبر پختونخوا 13 سالوں سے مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، سرکاری مشینری اور وسائل کا بے دریغ سیاسی استعمال بند کیا جائے، سردار حسین بابک

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی رہنما سردار حسین بابک نے خیبر پختونخوا کی موجودہ اور ماضی کی صوبائی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ نالائق حکمرانوں نے صوبے کے خزانے کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے، جس کی وجہ سے صوبہ شدید مالیاتی اور انتظامی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔ پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا گزشتہ 13 سالوں سے مسلسل مسائل کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے اور عوامی ترقی کے بجائے صرف سیاسی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

سردار حسین بابک نے صوبے کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے خیبر پختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور صوبے کے غریب عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مشینری اور صوبائی وسائل کا بے دریغ سیاسی استعمال جاری ہے، جس کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود نہیں بلکہ مخصوص سیاسی ایجنڈے کو فروغ دینا ہے۔ اے این پی رہنما نے مطالبہ کیا کہ صوبے پر مسلط نالائق حکمرانوں کی پالیسیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان کا کڑا احتساب کر کے صوبے کو مزید تباہی سے بچایا جائے۔