تین روزہ دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کی اعلٰی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریش منگل کی صبح تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
دورے کے دوران سیکریٹری جنرل اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور صدر آصف علی زرداری سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ 6 سے 8 اکتوبر 2026 تک پاکستان میں قیام کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔
اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے انتونیو گوتریس کا استقبال کیا۔ ’انتونیو گوتیریش کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور اہم امور سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔‘
اقوام متحدہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری جنرل دورے کے دوران پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی و ثالثی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حمایت میں پاکستان کا تعمیری کردار بھی شامل ہے۔