حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کانسٹیبل شہید، دو اہلکار شدید زخمی Home / پاکستان /

ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کانسٹیبل شہید، دو اہلکار شدید زخمی

ایڈیٹر - 06/10/2026
ڈیرہ اسماعیل خان میں  مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کانسٹیبل شہید، دو اہلکار شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں دہشت گردی کی ایک اور افسوسناک اور سنگین واردات سامنے آئی ہے۔ ڈی آئی خان بائی پاس پر ناکہ بندی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ٹریفک پولیس کے اہلکار معمول کے مطابق بائی پاس پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے کہ اچانک فتنہ الخوارج کے مسلح خارجیوں نے ان پر ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے اس بزدلانہ واقعے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل کی شناخت حبیب کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں میں ایک کانسٹیبل رشید عرف رشیدی شامل ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سیکیورٹی فورسز نے شہید اہلکار کی میت اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ہسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

حملے کے فوراً بعد ڈی آئی خان بائی پاس اور اس سے ملحقہ علاقوں کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مفرور خارجیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، اور حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے ان دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔