ملاکنڈ ڈویژن تاجر برادری کا اہم اجلاس، 7 اکتوبر کو چکدرہ موٹروے بند کرنے کا اعلان
تاجر برادری ملاکنڈ ڈویژن آرگنائزنگ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس صدر عبدالرحیم کی زیرِ صدارت میرال ہوٹل، چکدرہ میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد محمود خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی و قانونی حیثیت کی بحالی اور ڈویژن کے عوام پر مختلف ظالمانہ ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور سوئی گیس کے بلوں میں ہزاروں روپے کے ٹیکسز، پراپرٹی ٹیکس، انکم ٹیکس، کسٹم ٹیکس اور جنرل سیلز ٹیکس سمیت مختلف ٹیکسز وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے 30 جون 2026 سے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر عائد کیے گئے ہیں، جو ایک شورش زدہ، پسماندہ، غربت زدہ اور سیلاب سے متاثرہ خطے کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔
اجلاس میں سول سوسائٹی، وکلاء، صحافی برادری، نجی اسکول و اسپتال، بارگین مزدور و محنت کش طبقے اور تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین، ضلعی صدور اور کارکنان سے اپیل کی گئی کہ وہ اس احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 اکتوبر بروز بدھ چکدرہ موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔ تاجر رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کے حصول اور ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی و قانونی حیثیت کی بحالی کے لیے متحد ہو کر احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کریں۔