خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر جیلوں میں سرچ آپریشن کا سلسلہ مکمل؛ حساس اضلاع میں سیکیورٹی سخت ترین، قیدیوں کے سامان کی تلاشی اور اہم اشیاء قبضے میں لے لی گئیں
پشاور (حسبان نیوز): پشاور سمیت صوبہ بھر کی جیلوں میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر سرچ آپریشن کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ حساس اضلاع میں قائم جیلوں کی سیکیورٹی کو انتہائی سخت ترین کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق، یہ ہنگامی اقدامات جیلوں کے حوالے سے موصول ہونے والے حالیہ سیکیورٹی تھریٹ (Security Threat) کے بعد اٹھائے گئے ہیں۔ خطرات کے پیشِ نظر پشاور اور دیگر حساس اضلاع کی جیلوں میں قیدیوں اور ملزمان سے ملاقاتوں کے اوقات کار میں فوری تبدیلی کرتے ہوئے بعد از دوپہر ملاقاتوں پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کر کے خصوصی حفاظتی انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ جیلوں کے اندر سے موصول ہونے والی مختلف خفیہ شکایات کی روشنی میں مختلف بیرکس میں گرینڈ سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ اس اہم کارروائی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران قیدیوں اور زیرِ سماعت ملزمان کے بیرکس، بستروں اور ذاتی سامان کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں بیرکس سے بعض ممنوعہ اور اہم اشیاء برآمد کر کے فوری طور پر سرکاری قبضے میں لے لی گئیں۔ محکمہ جیل خانہ جات کے حکام کا کہنا ہے کہ ان سرچ آپریشنز کا مقصد جیلوں کے اندر امن و امان کی فضا برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کا پیشگی سدِباب کرنا ہے۔