خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے تمام اضلاع، جن میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں، میں امن و امان کی صورتحال کے باعث پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
مختلف علاقوں میں آمدورفت اور مخصوص اقسام کی گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا اور اعظم ورسک میں لوڈر رکشوں، سنگل اور ڈبل کیبن کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر اور ڈمپرز کی آمدورفت پر پابندی یکم اکتوبر رات 9 بجے سے لگائی گئی ہے جو کہ 10 اکتوبر رات 9 بجے تک نافذ رہے گی۔
اسی طرح جنوبی وزیرستان اپر میں لوڈر رکشوں، کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر، ٹریکٹر ٹرالی اور ڈمپرز کی نقل و حرکت پر 3 سے 5 اکتوبر تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ، کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل، گڑھ عبداللہ اور متعدد لنک روڈز پر آمدورفت 4 سے 6 اکتوبر تک صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک محدود رہے گی، جبکہ پوٹہ ہتھالہ بازار بھی بند رہے گا۔
ضلع ٹانک میں مختلف روٹس پر افراد، مسافر و کارگو گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر 3 اکتوبر رات 9 بجے سے 5 اکتوبر دوپہر 12 بجے تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں، ہنگامی خدمات اور سکیورٹی فورسز کی اجازت سے ہونے والی ہنگامی نقل و حرکت کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔