حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کراچی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 50 سے زائد خواتین کو لوٹ لیا گیا۔ Home / پاکستان /

کراچی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 50 سے زائد خواتین کو لوٹ لیا گیا۔

ایڈیٹر - 01/10/2026
کراچی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 50 سے زائد خواتین کو لوٹ لیا گیا۔

کراچی (حسبان نیوز): صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں ایک انوکھی اور افسوسناک واردات سامنے آئی ہے جہاں ایونٹ آرگنائزنگ اور ملازمت کی فراہمی کے بہانے 50 سے زائد خواتین کو بلوا کر ان کے قیمتی موبائل فونز ہتھیا لیے گئے۔ گڈاپ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ماسٹر مائنڈ کے دو مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کی حدود میں واقع ایک نجی فارم ہاؤس پر یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب درجنوں خواتین وہاں ملازمت کے سلسلے میں جمع ہوئیں۔ فارم ہاؤس کے مینیجر اشعر انصاری نے اپنے ویڈیو بیان میں انکشاف کیا کہ فارم ہاؤس کی بکنگ وقاص نامی شخص نے کرائی تھی، جس نے مینیجر کو مطلع کیا تھا کہ کوآپریٹو اسٹاف کے طور پر 50 سے 55 خواتین فارم ہاؤس آئیں گی۔ تاہم، بکنگ کرانے والا وقاص خود موقع پر نہیں پہنچا بلکہ اس کی جگہ آصف عرف سلمان نامی نوجوان ایک لڑکی کے ہمراہ خواتین کو لے کر وہاں پہنچا۔ شام کے وقت جب مینیجر نے ادائیگی کا مطالبہ کیا تو ملزم سلمان حیلے بہانے بنا کر اور مینیجر کو جلد آمد کا جھوٹا میسج بھیج کر موقع سے فرار ہو گیا۔ اس دوران وہ وہاں موجود خواتین کے درجنوں موبائل فونز بھی اپنے ساتھ لے اڑا۔

متاثرہ خواتین میں سے ایک لڑکی نے اپنے ویڈیو بیان میں روتے ہوئے بتایا کہ انہیں معاشی مجبوریوں کے تحت نوکری کا جھانسہ دے کر یہاں بلایا گیا تھا اور بعد میں ان سے دھوکہ دہی کی گئی۔ واقعے کے بعد مرکزی ملزم سلمان کی ایک ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے جس میں وہ گاڑی میں بیٹھی خواتین کو بظاہر کسی ایونٹ کے حوالے سے گائیڈ کرتا نظر آ رہا ہے۔

دوسری جانب، گڈاپ سٹی پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خواتین کے بیانات قلمبند کیے اور باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے تفتش کے دوران فوری کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس بک کرانے والے ملزم وقاص اور خواتین کو فارم ہاؤس لانے میں معاونت فراہم کرنے والی خاتون نرگس کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے مرکزی ملزم سلمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا جائے گا۔