عمرہ کی آڑ میں آسٹریلیا کا نیا 'ڈنکی روٹ' بے نقاب، کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، 3 مسافر گرفتار
کراچی (حسبان نیوز): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک انتہائی اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کی آڑ میں غیر قانونی طور پر آسٹریلیا جانے کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ کے ایک نئے اور پچیدہ بین الاقوامی 'ڈنکی روٹ' کا انکشاف ہوا ہے جس کے تحت معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسا دیا جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر امیگریشن کلیئرنس کے عمل کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے تین پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے نے حکام کو چوکنا کیا۔ ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان مسافروں کو تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے روک لیا۔ دورانِ تفتیش گرفتار مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق پنجاب کے اضلاع حافظ آباد اور سرگودھا سے بتایا جاتا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق جب مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تو ان کے قبضے سے بحرین کے وزٹ ویزے اور بحرالکاہل میں واقع جزیرے 'جمہوریہ پلاؤ' (The Republic of Palau) کے ویزے بھی برآمد ہوئے۔ دورانِ انٹرروگیشن مسافروں نے اعتراف کیا کہ ان کا بنیادی منصوبہ سعودی عرب میں محض 3 روز قیام کرنا تھا، جس کے بعد انہوں نے بحرین اور پھر وہاں سے جمہوریہ پلاؤ کے راستے غیر قانونی طور پر آسٹریلیا میں داخل ہونا تھا۔
مسافروں نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان کے رہائشی ایک مبینہ انسانی اسمگلر اور ایجنٹ نعیم مرشد نے ان سے فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ان تمام سفری دستاویزات اور ویزوں کا بندوبست کر کے دیا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزم ایجنٹ کی گرفتاری اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔