حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ضلع مہمند: میاں منڈی بازار میں عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاجی مظاہرہ Home / قبائلی اضلاع /

ضلع مہمند: میاں منڈی بازار میں عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاجی مظاہرہ

ایڈیٹر - 30/09/2026
ضلع مہمند: میاں منڈی بازار میں عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاجی مظاہرہ

ضلع مہمند کے مشہور تجارتی مرکز میاں منڈی بازار میں غیر قانونی ٹیکسز، بدامنی، ترقیاتی منصوبوں کی عدم تکمیل، پاک افغان تجارتی شاہراہ پر تعمیراتی کام کی بندش، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے سے ملک میر افضل، ملک تاجبر اور حق دو تحریک کے بانی قاری تاجمیر شاہ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ قبائلی اضلاع میں آئے روز نئے ٹیکسز عائد کیے جا رہے ہیں، جبکہ ضلع مہمند میں گزشتہ چودہ سال سے متعدد ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ علاقے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع موجود نہیں، جبکہ پاک افغان تجارتی راستے کی بندش کے باعث مقامی بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ انضمام کے بعد علاقے میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ماربل کارخانوں کی بندش سے بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہو رہے ہیں۔

مقررین کے مطابق پاک افغان سرحدی شاہراہ پر گزشتہ آٹھ سال سے تعمیراتی کام بند ہے، جس کے باعث عوام کو آمدورفت سمیت بنیادی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مظاہرین نے میاں منڈی بازار میں احتجاجی واک بھی کی۔ احتجاج کے باعث پشاور، باجوڑ شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔