پشاور: خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی کشیدگی کو کم کرنے اور سیاسی معاملات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کے لیے قبائلی مشران نے اپنی سطح پر جرگہ تشکیل دے کر رابطوں کا آغاز کردیا۔
سابق گورنر خیبرپختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان سمیت مختلف قبائلی مشران نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس کے بعد قبائلی وفد وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے بھی ملاقات کی۔
قبائلی مشران کا کہنا ہے کہ یہ جرگہ کسی سیاسی جماعت یا فریق کی جانب سے تشکیل نہیں دیا گیا بلکہ قبائلی عمائدین نے خود مل بیٹھ کر موجودہ سیاسی کشیدگی کم کرنے اور ملک میں جاری سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جرگے کی کوشش ہے کہ سیاسی فریقین کے درمیان مذاکرات اور مفاہمت کی راہ ہموار کی جائے اور کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے کم کیا جائے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے قبائلی مشران کی اس کوشش کو سراہا-
قبائلی جرگہ آج دوبارہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ سے ملاقاتیں کریں گے ۔
قبائلی مشران کا کہنا ہے کہ جرگے کا بنیادی مقصد کسی ایک فریق کی حمایت نہیں بلکہ ملک اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی کشیدگی کو کم کرنا اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔