حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
4 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا فیصلہ اٹل ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی۔ Home / سیاست /

4 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا فیصلہ اٹل ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی۔

ایڈیٹر - 27/09/2026
4 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا فیصلہ اٹل ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی۔

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کو ملک گیر سیاسی بحران کے حل کے لیے مذاکرات کی باقاعدہ پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وفاق نے لانگ مارچ کے بعد ہی مذاکرات کی میز پر آنا ہے تو یہ اقدام پہلے کیوں نہیں اٹھایا جاتا۔ پشاور میں سینئر صحافیوں اور بیورو چیفس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس ابھی سات دن کا وقت ہے، اگر وہ سنجیدگی سے مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرے، کیونکہ ہم خود بھی تصادم کے بجائے پُرامن حل کے حق میں ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے احتجاجی تحریک کی اندرونی حکمتِ عملی سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا کہ لانگ مارچ کے آغاز میں تاخیر دراصل ہماری سیاسی کمیٹی کی سوچی سمجھی حکمتِ عملی کا حصہ تھی تاکہ حکومت کو سوچنے کا موقع دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے لانگ مارچ کی کال دینے سے قبل ہی مذاکرات کی بات کی تھی، تاہم اب 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ بالکل حتمی اور اٹل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اگر ہمارے پاس آتے ہیں تو ہم انہیں دل کھول کر خوش آمدید کہیں گے۔

اپنے سیاسی مستقبل اور وفاداریاں ظاہر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اصولی مؤقف کی خاطر اگر ان کی وزارتِ اعلیٰ کی کرسی چلی بھی جائے تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وفاق کی جانب سے انہیں نااہل کرنے کی کوئی کوشش کی گئی، تو خیبرپختونخوا کی قیادت کے لیے ان کا متبادل کون ہوگا، اس کا حتمی فیصلہ صرف اور صرف بانی پی ٹی آئی خود کریں گے۔