تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع زیارت میں ایک نوجوان شمائل خان نے بہادری اور انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی جان پر کھیل کر ڈیم میں ڈوبتی تین خواتین میں سے دو کو زندہ بچا لیا۔
یہ خواتین لکڑیاں جمع کر رہی تھیں۔ کہ اچانک ایک خاتون کی پاؤں پھسلنے سے ڈوب گئیں۔ انہیں بچانے کی کوشش میں باقی دونوں خواتین بھی ڈوب گئیں۔
مقامی افراد کے مطابق واقعے کے وقت وہاں پرکوئی ریسکیو ٹیم موجود نہیں تھی۔ اسی دوران قریب پہاڑ پر موجود ایک خانہ بدوش نوجوان شمائل خان ملاخیل نے یہ منظر دیکھا تو فوراً دوڑتا ہوا آیا اور بغیر کسی حفاظتی جیکٹ اور سامان کے پانی میں چھلانگ لگا دی۔
شمائل خان نے جان پر کھیلتے ہوئے بی بی عقیدہ اور بی بی نجمہ کو بچا لیا تاہم روبینہ کو تلاش نہ کر سکا۔ بعدازاں ریسکیو ٹیم لیویز اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد روبینہ کی لاش نکالی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوجوان کی بہادری کو سراہتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور پی ڈی ایم اے میں نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ واقعہ اتوار کو زیارت کے علاقے منہ کے زڑگئی ڈیم میں وقت پیش آیا تھا۔