ڈیرہ اسماعیل خان ( حسبان میڈیا): خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے جہاں سابق وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کے پرسنل سیکرٹری گل زمان اعوان کو رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد نے گل زمان اعوان کو نشانہ بنایا اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے، جس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔
سیاسی و عوامی حلقوں میں اس واقعے کے بعد شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اغوا کی اطلاع ملتے ہی علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مغوی کی بحالی کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاہم، اب تک اغوا کاروں کی شناخت یا ان کے مقاصد کے حوالے سے کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے انتہائی قریبی معتمد ہونے کے باعث اس واقعے کو سیاسی طور پر بھی انتہائی حساس سمجھا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام تکنیکی اور جدید ذرائع کا استعمال شروع کر دیا ہے تاکہ گل زمان اعوان کو جلد از جلد بازیاب کرایا جا سکے۔ پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے مقامی رہنماؤں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مغوی کی فوری اور بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔