وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے متوقع مارچ اور اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 13 سال سے خیبرپختونخوا میں حکومت کرنے کے باوجود پی ٹی آئی کی تسلی نہیں ہوئی اور اب ہر دوسرے دن وفاق کی جانب بڑھنے کی تیاری کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کے 13 سالہ دور کا بھی حساب دینا ہوگا۔
خواجہ آصف نے سومنات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سومنات پر 17 حملے ہوئے تھے، گنتی کرلیں کتنے ہوگئے اور کتنے باقی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سومنات نہیں، اس لیے سوچ سمجھ کر آنا، کچھ لے کر نہیں بلکہ دے کر جاؤ گے۔
یہ بیان پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے 27 ستمبر کے احتجاج کے دوران اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے اور مختلف راستوں سے دارالحکومت پہنچنے کی بات کی تھی۔