27 ستمبر کا احتجاج روکنے کے لیے ہری پور میں سخت ترین ناکہ بندی، ہزارہ موٹر وے اور جی ٹی روڈ بند، مسافروں کو شدید مشکلات
ہری پور ( حسبان میڈیا): پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ اور احتجاجی تحریک کو کچلنے کے لیے انتظامیہ نے ہری پور اور ہزارہ ڈویژن میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرتے ہوئے اہم ترین شاہراہوں کو سیل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، احتجاجی قافلوں کو وفاقی دارالحکومت کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لیے ہزارہ موٹر وے کو برہان کے مقام پر بھاری کنٹینرز لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ہزارہ موٹر وے کی اچانک بندش کے باعث ہزارہ ڈویژن کا ملک کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے، جس سے شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی پلان کے تحت موٹر وے کے علاوہ دیگر متبادل اور اندرونی راستوں کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔ ہری پور کو پنجاب اور اسلام آباد سے ملانے والی خانپور روڈ کو جندیال بیرل کے مقام پر کنٹینرز کھڑے کر کے سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ صنعتی علاقے کو جوڑنے والی حطار روڈ کو بھی دوہریاں کے مقام سے بند کر دیا گیا ہے۔ ہزارہ موٹر وے، جی ٹی روڈ اور دیگر رابطہ سڑکیں بیک وقت بند ہونے کی وجہ سے مریضوں، طلبہ اور عام مسافروں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ باربرداری کی گاڑیاں پھنس جانے سے تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔