حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں، سرمایہ کاری اور تعاون پر گفتگو Home / پاکستان /

نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں، سرمایہ کاری اور تعاون پر گفتگو

ایڈیٹر - 23/09/2026
نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں، سرمایہ کاری اور تعاون پر گفتگو

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں کویت، کینیا اور آسٹریا کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کینیا کے صدر ولیم روٹو سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیا کے تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ روابط میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں پاکستان اور کینیا کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹاکر سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آسٹریا کے باہمی تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں، جہاں ان کی جانب سے مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے ذریعے پاکستان کے سفارتی، معاشی اور دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب بھی متوقع ہے، جس میں پاکستان علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت اہم بین الاقوامی امور پر اپنا مؤقف پیش کرے گا۔