حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نیویارک میں امریکا ایران اہم رابطہ، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تہران نے بڑی شرائط رکھ دیں Home / بین الاقوامی /

نیویارک میں امریکا ایران اہم رابطہ، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تہران نے بڑی شرائط رکھ دیں

ایڈیٹر - 23/09/2026
نیویارک میں امریکا ایران اہم رابطہ، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تہران نے بڑی شرائط رکھ دیں

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم سفارتی رابطہ ہوا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کی بحالی اور جنگ کے خاتمے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر نے ایرانی وفد کے ساتھ تقریباً 3 گھنٹے تک ملاقات کی۔ ٹرمپ نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت اچھی رہی اور معاہدہ کرنا ایران کے مفاد میں ہے۔

دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ رابطہ امریکی درخواست پر ہوا، جس کا ایک اہم مقصد آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق تہران کی شرائط امریکی حکام تک پہنچانا تھا۔

ایرانی مؤقف کے مطابق آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کو بحری ناکہ بندی ختم کرنا، منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنا اور مختلف محاذوں پر جاری جنگ ختم کرنا ہوگی۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسٹیو وٹکوف کے درمیان ہونے والے رابطے میں ثالثوں کا کردار بھی سامنے آیا ہے۔ امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان مذاکرات ثالثوں کے ذریعے جاری رہے، جو دونوں جانب پیغامات پہنچاتے رہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ رابطہ دونوں ممالک کے درمیان کئی ہفتوں بعد ہونے والا اہم سفارتی رابطہ ہے اور اس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ مرکزی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید مذاکرات کی بھی توقع ظاہر کی ہے، جبکہ امریکی حکام کے مطابق بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ایرانی حکام کی جانب سے اس سے قبل بھی مؤقف سامنے آچکا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بحالی کا معاملہ امریکا کی جانب سے فوجی دباؤ اور ناکہ بندی میں کمی سے جڑا ہوا ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے، اس لیے اس حوالے سے کسی بھی پیش رفت کے عالمی تیل منڈی پر بھی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔