حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ممکنہ لانگ مارچ سے قبل وفاقی دارالحکومت اور خیبرپختونخوا کے درمیان آمدورفت کے اہم راستے بند کردیئے گئے ہیں، جبکہ شہر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک جبکہ ایم 14 کو ہکلہ سے کنڈل تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ بھی اٹک خورد کے مقام پر بند رہے گی۔
اسی طرح ہزارہ موٹروے کے متعلقہ راستوں، راولپنڈی کوہاٹ روڈ پر خوشحال گڑھ اور ایبٹ آباد حسن ابدال روڈ پر جھاری کس کے مقام پر بھی ٹریفک کی آمدورفت روکنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
دارالحکومت میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر مختلف اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ ان رکاوٹوں کے ذریعے ریڈ زون کے داخلی راستوں کو محدود کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر کنٹینرز کی دوہری تہہ بھی قائم کی گئی ہے۔
ترنول، سنگجانی، شاہراہ ایران، چھبیس نمبر چنگی، سری نگر ہائی وے، ٹی چوک روات اور فیض آباد سمیت متعدد مقامات پر ناکہ بندی کی گئی ہے، جبکہ بہارہ کہو سے کشمیر کی جانب آنے والے راستے پر بھی رکاوٹیں کھڑی کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 22 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے 8 ڈی آئی جیز اور 10 ایس ایس پیز سمیت سینئر افسران کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے علاوہ پنجاب اور سندھ سے بھی اضافی پولیس نفری طلب کی گئی ہے، جبکہ فرنٹیئر کور اور رینجرز کے اہلکار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے دارالحکومت پہنچ چکے ہیں۔
اضافی نفری کی رہائش کے لیے بعض تعلیمی اداروں کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت اسلام آباد کی نگرانی کے لیے 15 ہزار سے زائد کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے، جبکہ اہم مقامات پر ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔
حکام کی جانب سے شہر کے ہوٹلوں، ریستورانوں اور سرائے خانوں کی جانچ پڑتال بڑھا دی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر مسافروں اور گاڑیوں کی چیکنگ بھی سخت کردی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی اقدامات کا مقصد ممکنہ احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کرنا ہے۔
دوسری جانب موٹروے پولیس نے شہریوں کو بند کیے گئے راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز اور سفر سے قبل تازہ ٹریفک ہدایات ضرور دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔