حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):ایشین گیمز میں پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان نے کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
کپتان فاطمہ ثناء نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور ٹیم کے مجموعے کو قابلِ دفاع ہدف تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز تک محدود رہی۔ یوں پاکستان نے مقابلہ 31 رنز سے جیت کر کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے اُم ہانی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور بنگلادیش کی بیٹنگ لائن کو بڑا مجموعہ بنانے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو اس سے قبل ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم نے کانسی کے تمغے کے لیے بنگلادیش کے خلاف میدان میں اتر کر کامیابی حاصل کرلی۔