حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آفریدی فٹبال چیمپئن لیگ سیزن 6 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی Home / کھیل /

آفریدی فٹبال چیمپئن لیگ سیزن 6 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

آفریدی فٹبال چیمپئن لیگ سیزن 6 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

خیبر باڑہ۔ آفریدی فٹبال چیمپئن لیگ سیزن 6 کی ٹرافی اور شرٹس کی رونمائی کی پروقار تقریب ڈسٹرکٹ پریس کلب باڑہ میں منعقد ہوئی، جس میں لیگ کی 12 ٹیموں کے نمائندگان، کھلاڑیوں، مشران اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں اسکائی وارڈ وژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میر احمد، پلاٹینم مارکیٹنگ اینڈ ڈویلپرز کے ساجد خان آفریدی، السید اسٹار مارکیٹنگ کے شیر علی آفریدی، قاضی کولا کے قاضی مومن آفریدی، ایان گروپ آف کمپنیز اور زلمی پرفیوم سے وابستہ فاروق آفریدی جبکہ ٹاسلا یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق آفریدی سمیت خیبر بھر سے فٹبال کھلاڑی اور ٹیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
آفریدی فٹبال چیمپئن لیگ سیزن 6 میں کوئٹہ، کراچی سمیت ملک کے مختلف اضلاع سے آنے والی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں، جس کے باعث لیگ کو وسیع سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیگ کے چیف آرگنائزر جاوید آفریدی نے کہا کہ لیگ کے انعقاد کے دوران سہولیات کی کمی سمیت مختلف مشکلات کا سامنا ہے، تاہم منتظمین اپنی بساط کے مطابق کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور مشران نے کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور فٹبال کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے آفریدی فٹبال چیمپئن لیگ سیزن 6 کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ لیگ نوجوان فٹبالرز کے لیے اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔
تقریب سے اسکائی وارڈ وژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقے کے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرکے ان کی حوصلہ آفزائی کرکے بڑی خوشی ہوگی اور امید ہے کہ اس سے علاقے کا ٹیلنٹ نکھر کا سامنے آئےگا۔